عمرے کے نام پر جسم فروشی کا دھندہ! ملتان سے انیشہ بی بی اور محمد امجد گرفت میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے ویزے کی آڑ میں خواتین کے مبینہ جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق مسافر خاتون انیشہ بی بی کی نشاندہی پر محمد امجد نامی مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون فلائٹ نمبر ایس وی 801 کے ذریعے عمرے کے مقدس سفر پر سعودی عرب روانہ ہو رہی تھیں تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کے مشکوک رویے کو بھانپتے ہوئے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔

موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی جانچ پڑتال کے دوران یہ ہولناک حقیقت سامنے آئی کہ مسافر خاتون کو بیرون ملک کمرشل جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا پلان تیار کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس گھناؤنے گینگ کا سرغنہ خود سعودی عرب میں بیٹھ کر اس پورے نیٹ ورک کو آپریٹ کر رہا تھا اسی نے خاتون کے لیے عمرہ ویزے پر سعودی عرب منتقلی کے تمام انتظامات کیے تھے۔

ایف آئی اے نے خاتون کے زیرِ استعمال تمام ڈیجیٹل آلات کو تحویل میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ملزم اور مسافر خاتون کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام کا عزم ہے کہ اس نیٹ ورک کی پشت پناہی کرنے والے تمام ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Related Posts