اسلام آباد اور واولپنڈی کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی سست رفتار اور بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں شہروں میں وائی فائی اور موبائل ڈیٹا سروسز جزوی طور پر معطل ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ ایک نجی ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹ جانے کے باعث چند سروس پرووائیڈرز کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی یہ معطلی چند مقامی اور گرد و نواح کے علاقوں تک ہی محدود ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں تمام انٹرنیٹ اور مواصلاتی سروسز مکمل طور پر معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں البتہ شمالی ریجن کے کچھ علاقوں میں سگنلز اور انٹرنیٹ کا مسئلہ پیش آیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کی تکنیکی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں جو کٹی ہوئی آپٹیکل فائبر کیبل کی فوری مرمت اور نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








