عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کیلئے تھانے دار ہے،شبلی فراز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Opposition only striving to protect personal interest: Shibli Faraz

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بد ترین مخالفین کی آمد پر ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کوتکلیف پہنچ رہی ہوگی،مریم نواز کا لاڑکانہ جانا اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہاکہ بی بی اور بھٹو شہید کے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج ان کے گھر براجمان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انکاایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہوکر اپنی ذات پر ختم ہو جاتا ہے،ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کے اعلان کرنے والے ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ ان کی اصلیت ہے۔ یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیچھے کچھ اور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جب بھی کرپشن، دو نمبری، ہارس ٹریڈنگ،چھانگا مانگا، چمک اور بریف کیس کا نام آئے گا تو نواز شریف کا نام آئیگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کیلئے تھانے دار ہے۔

دوسری جانب اتوار کو ایک انٹرویومیں وزیر اطلاعات نے کہاکہ کسی بھی سیاسی رابطے کی ہم مخالفت نہیں کریں گے،اپوزیشن سے کہا ہے پارلیمنٹ میں آئیں، سارے مسائل پروہیں بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کامسئلہ یہ ہے ارجنٹائن میں کوئی فٹبال میچ ہار جائے تو ذمہ دار عمران خان ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ جیل میں ملاقات کیلئے حکومت ہی سہولت دیتی ہے، انہوں نے کہاکہ جی ڈی اے کی اپنی سیاست ہے، وہ کچھ کرتے ہیں تو ان کا مسئلہ ہے،محمد علی درانی نے شہباز شریف سے ملاقات کی ہے تو ان کے تعلقات ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ مقصد کے حصول کیلئے سردی گرمی نہیں دیکھی جاتی، اپوزیشن نے سردی کی وجہ سے پروگرام ملتوی کردیا، یہ سوچنے والی بات ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ مریم نواز کی کریڈیبلٹی کیا ہے،جھوٹ پر جھوٹ بولتی ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم کی عسکری قیادت سے ملاقات، پی ڈی ایم کے حوالے سے تبادلہ خیال

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم نے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا،پی ڈی ایم کے ساتھ بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں تاہم پی ڈی ایم جن ایشوز پربات کرنا چاہتی ہے اس پر بات نہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے،یہ صرف وقت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ بری طرح ناکام ہوں گے،جس طرح جلسے ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز اوربلاول وزیراعظم کوبلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Related Posts