ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مارچ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے تاحال عوامی سطح پر منظرعام پر نہیں آئے، جبکہ ان کے نام سے جاری ہونے والے بیانات بھی سرکاری میڈیا پر پڑھ کر سنائے جاتے ہیں، جس کے باعث ان کی صحت اور موجودہ مقام سے متعلق مسلسل سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں وہ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور بظاہر مکمل صحت مند نظر آتے ہیں۔
ویڈیو پر تاہم کوئی تاریخ درج نہیں ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی یہ واضح نہیں کیا کہ ویڈیو کب اور کہاں ریکارڈ کی گئی تھی اور اسے کس موقع پر بنایا گیا۔ البتہ ویڈیو کو اس انداز میں نشر کیا گیا ہے جیسے یہ مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر بننے کے بعد کی فوٹیج ہو۔
ایران کا نیم سرکاری خبر رساں ادارہ مہر مجتبیٰ خامنہ ای کے قریب سمجھا جاتا ہے، تاہم ایران کے دیگر بڑے سرکاری ذرائع ابلاغ نے اس ویڈیو کو نمایاں طور پر نشر نہیں کیا۔
سی این این کے مطابق ویڈیو کا جائزہ لینے سے بظاہر محسوس ہوتا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای ایک گروپ کو مذہبی درس دے رہے ہیں۔ بعض اندازوں کے مطابق یہ فوٹیج حالیہ جنگ سے پہلے ریکارڈ کی گئی ہوسکتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور موجودہ مقام سے متعلق خدشات ختم ہونے کے بجائے مزید قیاس آرائیوں نے جنم لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو مارچ میں ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ نئے منصب پر فائز ہونے کے بعد سے وہ کسی عوامی تقریب، خطاب یا براہِ راست ٹیلی وژن نشریات میں نظر نہیں آئے، جبکہ ان کے نام سے جاری پیغامات سرکاری میڈیا پر پڑھ کر سنائے جاتے رہے ہیں۔
یہاں تک کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ ان کی یہ غیر معمولی غیرحاضری گزشتہ کئی ماہ سے ان کی صحت اور سکیورٹی سے متعلق سوالات کا باعث بنی ہوئی ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیوں کی ایک بڑی وجہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر شروع کی گئی بمباری کے دوران ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
سی این این سے بات کرنے والے ذرائع نے مارچ میں دعویٰ کیا تھا کہ حملوں کے پہلے روز مجتبیٰ خامنہ ای کے پاؤں میں فریکچر ہوا تھا جبکہ چہرے پر معمولی زخم بھی آئے تھے۔
بعد ازاں ایرانی حکام کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے مختلف بیانات سامنے آتے رہے۔ بعض ایرانی حکام نے ان کی صحت کو درست قرار دیا، جبکہ دیگر رپورٹس میں ان کے زخمی ہونے کی بات کی گئی۔
مئی میں بھی ایک ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای مکمل صحت میں ہیں اور اپنے دفتر سے ملکی امور چلا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








