کراچی کے معروف فلاحی ادارے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری دورۂ ترکیہ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہوگئے۔ سیلانی ویلفیئر کے ترکیہ میں قائم ہیڈ آفس کے وضو خانے میں اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث وہ زمین پر گر پڑے، جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں۔
سیلانی ویلفیئر کے مطابق اس حادثے میں مولانا بشیر فاروق قادری کے کندھے کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا۔ وہ جمعے کی صبح تقریباً 8 بجے ترکیہ سے کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ سے انہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ ان کے ضروری طبی معائنے اور علاج کا انتظام کیا جاسکے۔
اس حوالے سے سیلانی ویلفیئر کا کہنا ہے کہ مولانا بشیر فاروق کی حالت اس وقت بہتر اور مستحکم ہے۔ ابتدائی ایکس رے، مختلف ٹیسٹ اور طبی معائنے کے بعد کنسلٹنٹ ڈاکٹروں نے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا کہ فی الحال ان کا آپریشن مؤخر کر دیا جائے اور طبی صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








