اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کے لیے سول اعزازات کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول اعزازات کی باقاعدہ تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جس میں مجموعی طور پر 355 افراد کو ان کی نمایاں کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں مختلف سول ایوارڈز دیے جائیں گے۔
شوبز اور کھیل کے شعبے سے اہم شخصیات کو ستارۂ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں ترنم ناز اور نشو بیگم شامل ہیں، جبکہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید، ماریہ واسطی، ذوہیب حسن، کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا جائے گا۔
اسی طرح گلوکار شیراز اُپل کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی، احد چیمہ اور محمد اورنگزیب اور وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کو نشانِ امتیاز دیا جائے گا۔
سرکاری خدمات کے اعتراف میں ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری تجارت جواد پال کو بھی ستارۂ امتیاز دیا جائے گا۔ پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی کو تمغۂ امتیاز جبکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو عوامی خدمت کے شعبے میں ہلالِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارۂ امتیاز اور بابر صاحب دین کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا۔
اسی طرح آزاد کشمیر میں شرپسند عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرنے والی زوبیہ خورشید راجہ کو تمغۂ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک زخمی پولیس اہلکار کو شرپسندوں کے گھیرے سے نکالا تھا۔ اس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو ستارۂ شجاعت جبکہ شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو بھی ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا۔
صحافت کے شعبے میں سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارۂ امتیاز دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ قائداعظم کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از وفات نشانِ قائداعظم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر مملکت نے متعدد غیر ملکی شخصیات کو بھی اعزازات دینے کی منظوری دی ہے۔ سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلالِ پاکستان دیا جائے گا، جبکہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان، وزیرِ دفاع یاشار گولر اور وزیرِ تجارت عمر بولات کو ستارۂ پاکستان سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو بھی تمغۂ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








