کراچی: لانڈھی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 4 سالہ بچی جاں بحق، لڑکا زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے دوران پانی کے ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 4 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 15 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک اور خونی حادثہ یونس چورنگی اور یونس ٹیکسٹائل کے قریب پیش آیا، جہاں پانی کے ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دونوں بچے متاثر ہوئے۔4سالہ بچی موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

چھیپا ایمبولینس سروس کے مطابق جاں بحق بچی اور زخمی لڑکے کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 4 سالہ انعم دخترِ جلیل کے نام سے ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹر ٹینکر کی ٹکر سے زخمی ہونے والے  لڑکے کی شناخت 15 سالہ عبدالرزاق ولدِ عبدالرحمن کے طور پر کی گئی۔ پولیس نے حادثے میں ملوث واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے۔

Related Posts