خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے کی انتظامی اور پولیس مشینری میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سمیت متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلے کر دیئے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 15 افسران کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) قرار دیا گیا ہے جبکہ چار پولیس افسران کو بھی نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کی جگہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔
چار پولیس افسران کو صوبے سے واپس بلا لیا گیا
نوٹیفکیشنز کے مطابق خیبرپختونخوا میں تعینات چار پولیس افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں گریڈ 20 کے ہمایوں مسعود سندھو، فصیح الدین اور عرفان طارق جبکہ گریڈ 18 کے عمران خان شامل ہیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے چار نئے پولیس افسران کی خیبرپختونخوا میں تعیناتی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ان افسران میں پنجاب سے گریڈ 18 کے سعد آفریدی، بلوچستان سے اعتزاز عارف، اسلام آباد سے پری گل اور سندھ سے لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) کاشف آفتاب عباسی شامل ہیں۔
مختلف محکموں سے افسران خیبرپختونخوا منتقل
وفاقی حکومت نے مختلف محکموں میں تعینات بعض افسران کی خدمات بھی خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔ وزیراعظم آفس میں تعینات محمد یحییٰ خانزادہ کی خدمات صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ پنجاب میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر خواجہ محمد سکندر ذیشان کو بھی خیبرپختونخوا منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، کوئٹہ میں تعینات میجر (ر) اورنگزیب بدانی کا تبادلہ بھی خیبرپختونخوا کر دیا گیا ہے۔
متعدد سینئر افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت
انتظامی ردوبدل کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے متعدد افسران کو خیبرپختونخوا سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ان افسران میں گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اور سہیل خان، جبکہ گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن (ر) میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گریڈ 18 کے کیپٹن (ر) زبیر خان، وقار علی، کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کو بھی صوبے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان تقرریوں، تبادلوں اور افسران کو او ایس ڈی بنانے سے متعلق احکامات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے تحت نافذ کیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








