خیبر پختونخوا میں فوج تعینات مگر کب تک؟ اہم ترین تفصیلات منظر عام پر

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے صوبے میں پاک فوج کے دستوں کو تعینات کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے بھر میں فوج کے جوانوں اور درکار وسائل کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ تعیناتی 11 اکتوبر 2026 کو آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت نافذ کیے جانے والے احکامات کی مدت تک برقرار رہے گی۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پاک فوج کی تعیناتی کا بنیادی مقصد عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔ اس دوران فوج امن و امان کی بحالی کے لیے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کرے گی۔

ذرائع کے مطابق جی ایچ کیو کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد گورنر خیبر پختونخوا صوبے میں تعینات ہونے والے فوجی دستوں اور عسکری وسائل کی حتمی تعداد کا تعین کریں گے۔ فوج کی تعیناتی سے متعلق یہ باضابطہ نوٹیفیکیشن جلد گزٹ آف پاکستان کے پارٹ ٹو میں شائع کر دیا جائے گا۔

Related Posts