اداکارہ متھیرا کا شادی کی جگہ پارٹنرشپ کے معاملے پر ملالہ سے اختلاف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ متھیرا نے خواتین کے حقوق کی علمبردار ملالہ یوسفزئی کے شادی کی جگہ پارٹنرشپ سے متعلق بیان پر اختلاف کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی جریدے ووگ میں ملالہ یوسفزئی کے نکاح کے خلاف تبصرے سے اداکارہ متھیرا نے اختلاف کا اظہار کیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ یہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟

برطانوی جریدے کو دئیے گئے بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ کوئی شخص آپ کا شریکِ حیات بنے تو شادی کے کاغذات پر دستخط کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟آپ صرف پارٹنرشپ کی بنیاد پرشادی کے بغیر ساتھ کیوں نہیں رہ سکتے؟

فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ متھیرا نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم کتنے ماڈرن بن جائیں، میں ہمیشہ اپنے بچوں کو یہ سکھاؤں گی کہ پارٹنرشپ کی بجائے نکاح کریں کیونکہ شادی ایک صحت مندانہ رجحان ہے جس کے تحت زندگی بھر جیون ساتھی ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے ہیں۔

انسٹا گرام پیغام میں اداکارہ متھیرا نے کہا کہ میرا ووٹ صرف نکاح کیلئے ہے۔ شادی کرنا ایک نعمت ہے۔ کبھی کبھی شادی کا فائدہ نہیں ہوتا لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ پھر اللہ آپ کیلئے کسی خاص شخص کا انتخاب کرتا ہے۔

اپنے طلاق یافتہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ جی ہاں، میں طلاق یافتہ سہی لیکن مجھے شادی پر یقین ہے اور اگر مجھے کوئی درست جیون ساتھی مل گیا تو دوبارہ شادی بھی کروں گی۔ مجھے کوئی یہ نہ بتائے کہ میں طلاق یافتہ ہوں۔

معروف اداکارہ متھیرا نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں نے شادی کی اور وہ ناکام ہوئی، ایک ٹوٹی ہوئی اور ناکام شادی کو برقرار رکھ کر غمگین رہنے سے بہتر اکیلے رہنا اور خوش رہنا ہے۔ میرا ووٹ نکاح کے ساتھ ہے۔

متھیرا نے کہا کہ ملالہ، آپ کو بھی نئی نسل کو شادی کی ترغیب دینی چاہئے۔ نکاح ایک سنت ہے جو کوئی پلاٹ خریدنے کیلئے کاغذوں پر دستخط سے زیادہ اہم ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ دعا کرتے ہیں تاکہ آپ کی زندگی کا نیا سفر کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم بھی دیکھیں گے، علی سیٹھی کا گانا مظلوم فلسطینیوں کے نام