صوبائی وزیرصنعت وتجارت کا سائٹ صنعتی ایریا کا دورہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :  صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ انڈسٹریل زونز میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے کیونکہ صنعتیں لگیں گی تو روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مستحکم ہوگی لہٰذا انفراسٹرکچر کی بہتری کے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔

یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے کہی۔اجلاس میں ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی، سینئر نائب صدر ریاض الدین، نائب صدر قادر بلوانی، سابق صدر جاوید بلوانی،سلیم پاریکھ، سلیم ناگریا،ایم ڈی سائٹ لمیٹڈمنور علی مہیسر، چیف میگا پراجیکٹ پی اینڈ ڈی نجیب احمد، انجینئر سائٹ نبیل احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیرصنعت وتجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سائٹ کی سڑکوں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے سمیت سائٹ ایسوسی ایشن میں قائم کوروناویکسین سینٹر، سیکورٹی سسٹم ودیگر سیکشن کا معائنہ بھی کیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خدمات کی تعریف کی۔

اجلاس میں سائٹ میں 17 سڑکوں کی تعمیراتی کام پر صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا تعمیراتی کام جلد مکمل کروایا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ ٹائم لائن کے ساتھ اسی ہفتے بریک اپ بنا کردیں نیز صوبائی وزیرنے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

مزید پڑھیں:سائٹ صنعتی ایریا کراچی کو لٹیروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیاہے، عبدالہادی

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے اس موقع پر صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کی انٹر صورتحال سے آگاہ کیا اور سندھ حکومت کی سڑکوں کی تعمیرومرمت کے حوالے سے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو ورکرز ے لیے قائم ویکسی نیشن سینٹر کا بھی دورہ کروایا اور ساتھ ہی درخواست کی کہ ویکسی نیشن سینٹر کے اوقات صبح 9سے 2بجے سے بڑھا کرشام 6 بجے تک کیے جائیں جس سے 3گنازیادہ ورکرز کی ویکسی نیشن کی جاسکے گی جس کے جواب میں صوبائی وزیر نے ویکسی نیشن سینٹر کے اوقات اورعملے کی تعداد بڑھانے کی یقین دہانی کروائی ۔

صوبائی وزیر نے سائٹ کی سڑکوں کا دورہ کیا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو بہتر معیار کے ساتھ تعمیراتی ومرمتی کاموں کی موقع پر ہدایت کی نیز ہر ماہ سائٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ اجلاس بلانے اور صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کے کاموں کا جائزہ لینے کی یقین دہانی بھی کروائی جس کو اجلاس کے شرکاء نے سراہا۔

صوبائی وزیر نے صنعتکاروں سے خطاب میں کہا کہ صنعتکار برادری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سائٹ میں ایک ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے پرمشکور ہیں۔

سندھ حکومت صنعتی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور پرامیدہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد انڈسٹریل زونز میں نمایاں بہتری سامنے آئے گی۔ صوبائی وزیرنے صنعتی ورکرز کی جلد از جلد ویکسی نیشن پر بھی زور دیا۔