وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے گھر میں گھس کر چوری کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس پر طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر قیمتی اشیاء چرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کو تھانہ بنی گالا کی حدود سے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت حبیب کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھر میں داخل ہو کر لیپ ٹاپ، طلائی زیورات اورقیمتی گھڑیاں چرائیں، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تھانہ بنی گالا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انسانی ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا گیا جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی قیمتی گھڑیاں، لیپ ٹاپ اور دیگر چوری شدہ سازوسامان برآمد کرلیا گیا۔
بنی گالا پولیس کے مطابق پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور چوری کرنے والے افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ترجیحات میں شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








