ماہرہ خان کی 36 ویں سالگرہ، کامیابیوں اور ناکامیوں کا سفر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Mahira Khan's life journey

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں اور خوبصورتی کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ ماہرہ خان آج 36 سال کی ہوگئی ہیں، خوبرو اداکارہ کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے، ماہرہ خان کی زندگی میں کئی نشیب و فراز بھی آئے اور اسکینڈلز کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ آیئے ماہرہ خان کی زندگی سے جڑی کامیابیوں اور ناکامیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

ماہرہ خان کون ہیں ؟
ماہرہ خان 21 دسمبر 1984 ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں،انہوں نے ابتدائی تعلیم فاؤنڈیشن پبلک اسکول سے حاصل کی اور 17برس کی عمر میں او لیولز مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے کیلیفورنیا منتقل ہوگئیں جہاں سانتا مونیکا کالج میں تعلیم حاصل کی،اس کے بعد انہوں نے بیچلر کی ڈگری کے لئے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا میں داخلہ لیا تاہم انھوں نے اپنی ڈگری مکمل نہیں کی اور 2008 میں پاکستان لوٹ آئیں۔

ذاتی زندگی
ماہرہ خان نے اپنے خاندان کی مخالفت کے باوجود علی عسکری سے 2007 میں شادی کی اور 2009 میں ایک بیٹے کی ماں بنیں تاہم ماہرہ خان اور علی عسکری کا تعلق 2015ء میں طلاق کی صورت میں ختم ہوگیا۔

عملی زندگی اور فلمی کیریئر
ماہرہ خان ہمیشہ سے محنتی اور خود انحصار شخصیت رہیں، انہوں نے امریکا میں دوران تعلیم اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے ایک اسٹور میں بطور کیشئر بھی خدمات انجام دیں ۔ ماہرہ خان نے اپنے فنی سفر کا آغاز 2006میں ایک ٹی وی شو کی میزبانی سے کیا اور اس کے بعد انہوں نے 2008 میں ایک اور ٹی وی شو کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔

2011 میں شعیب منصور کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم بول میں معاون اداکارہ کے کردار سے انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ 2011 میں ہی انہوں نے مہرین جبار کے ڈرامہ نیت میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔سرمد کھوسٹ کے ڈرامہ سیریل ہمسفر اورزندہ باد میں بھی ماہرہ خان نے بھرپور کامیابی حاصل کی۔

2013میں سرمد کھوسٹ کے ڈرامہ شہرذات میں ماہر ہ نے لازوال کردار اداکیا جبکہ 2013 سے 2014 تک ایک ٹاک شو کی میزبانی کی۔2014 میں ڈرامہ سیریل صدقے تمہارے میں کام کیا ،2015 میں شہزاد کشمیری کی ہدایت کاری میں بن روئے میں جلوہ گر ہوئیں اور2015 میں سرمد کھوسٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم منٹو میں معاون کردار ادا کیا ۔

2016 میں فلم ہو من جہاں میں مرکزی کردار ادا کیا ،2017 میں راہول ڈھولکیا کی بھارتی فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے بالمقابل کام کیا جس نے ماہرہ خان کو بالی ووڈ کے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بنادیا ۔2017 میں شعیب منصور کی فلم ورنہ میں عصمت دری کا شکار ہونیوالی لڑکی کا کردار ادا کیا۔2018 میں مولا جٹ اور2019 میں فلم سپر اسٹار میں مرکزی کردار ادا کیا ۔

لکس اسٹائل ایوارڈ
ماہرہ خان 2012 میں اپنی اولین فلم بول کیلئے بیسٹ ایکسٹریس کے ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئیں لیکن ایوارڈ حاصل نہ کرسکیں تاہم اگلے سال 2013 میں ڈرامہ ہمسفر کیلئے بیسٹ ٹی وی ایکسٹریس کا ایوارڈ اپنے نام کیا، سال 2016 میں بن روئے اور صدقے تمہارے ، میں بھرپور اداکاری کے عوض ایوارڈزملے، 2017 میں ہومن جہاں اور 2018 میں ورنہ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پاکستان میڈیا ایوارڈ
دلکش اداکارہ ماہر خان کو ڈرامہ شہر ذات میں لازول کردار ادا کرنے پر بیسٹ ڈرامہ ایکسٹریس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ہم ایوارڈ
2013 میں شہر ذات اور ہمسفر، 2015 میں صدقے تمہارے کیلئے دو ایوارڈ،2016 میں بن روئے کیلئے دو ایوارڈز اور 2018 میں ورنہ میں بہتری اداکاری پر ایوارڈ دیاگیا۔

ہم اسٹائل ایوارڈ
اداکارہ ماہرہ خان کو 2016 میں سب سے اسٹائلش فلم اداکارہ کا ایوارد دیا گیا جبکہ 2018 میں اسٹائل آئیکون آف دی ائیر کا ایوارڈبھی ماہرہ خان کے حصے میں آیا۔

اہم کامیابیاں 
ماہرہ خان کو اس وقت پاکستان کی مقبول ترین اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ سمجھا جاتا ہے ، متعدد ایوارڈز لینے کے علاوہ 2012میں پاکستان کی خوبصورت ترین عورت قرار دیا گیا جبکہ 2015،2016 ،2017 اور 2019 اکے سروے میں انہیں پرکشش ترین خاتون قرار دیا گیا اور نومبر 2019 میں انہیں اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیاجبکہ 23 نومبر 2020 کو بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

ماہرہ خان ان دنوں موذی کورونا وائرس کا شکار ہیں، سالگرہ کے موقع پران کے مداح دعا گو ہیں کہ ماہرہ خان جلد صحت یاب ہوکرایک بار پھررنگ و نور کی دنیا کو اپنی صلاحیتوں سے مزید خوبصورت بنائیں۔

Related Posts