کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تیزرفتار ویگو ڈالے نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو کچل دیا، خوفناک تصادم کے نتیجے میں ماں جاں بحق جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماں اور بیٹے کو کچلنے کے بعد ڈرائیور ویگو ڈالے سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس نے تصادم کی ذمہ دار گاڑی کی تلاش شروع کردی۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی صبح ڈیفنس فیز 5 میں پیش آیا۔
ڈیفنس فیز 5، 26اسٹریٹ کے قریب درخشاں تھانے کی حدود میں نامعلوم تیزرفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں اور بیٹے کو حادثے کا شکار کردیا اور موقعے سے فرار ہوگئی۔ جاں بحق خاتون اور زخمی شخص کو چھیپا ایمبولینس نے جناح ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
جاں بحق خاتون کی شناخت 60سالہ مقصود زوجہ اللہ دتہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی 30 سالہ سجاد ولد اللہ دتہ کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ایس ایچ او درخشاں تھانہ راشد علی کا کہنا ہے کہ زخمی شخص جاں بحق خاتون مقصود زوجہ اللہ دتہ کا بیٹا ہے۔
ایس ایچ او کے بیان کے مطابق حادثہ تیزرفتار سفید ویگو ڈالے کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد گاڑی کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی تفتیش میں مدد ملی جارہی ہے۔
دریں اثناء کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں پیڈسٹریئن برج کے قریب عمارت کے اندر لفٹ سے گرکر ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 58 سالہ اختر ولد یوسف مسیح کے نام سے کی گئی، پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








