شوبز میں محنت اور لگن سے آگے آنیوالوں کو جائز مقام نہیں ملتا، عرفان موتی والا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Actor Irfan Motiwala's exclusive talk with MM News

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ہنستے چہروں کو رلانا تو عام سی بات سمجھی جاتی ہے لیکن روتے چہروں کو ہنسانا سب سے مشکل کام ہے ۔پاکستان شوبز انڈسٹری کو قدرت نے وراسٹائل اداکاروں سے بھرپور نوازا ہے جہاں اپنی بے ساختہ اداکاری سے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے فنکار اپنی صلاحیتوں سے لاکھوں  دلوں پر راج کررہے ہیں۔

ایسے ہی ایک اداکارعرفان موتی والا ہیں جنہوں نے اپنی جاندار اداکاری اوراعلیٰ کردار سے جہاں اپنے فن کا لوہا منوایا وہیں شوبز انڈسٹری میں ایک بہترین شخصیت بھی مانے جاتے ہیں۔

ایم ایم نیوز نے عرفان موتی والا کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ کی فٹنس اور چاق و چوبند رہنے کا راز کیا ہے ؟
عرفان موتی والا: فٹنس کیلئے میں کوئی خاص اہتمام نہیں کرتا ،بس ہرحال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور کسی سے حسد و جلن نہیں رکھتا ، ہمیشہ خوش رہنے کی کوشش کرتا ہوں تو چستی خود بخود آجاتی ہے۔

ایم ایم نیوز:حقیقی محبت اور آج کل کے عشق کے حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟
عرفان موتی والا: پیار ایک خوبصورت جذبہ ہے اور شادی کے بعد بیوی سے بھی سچا پیار ہوسکتا ہے جو ہونا بھی چاہیے۔ آج کل کے دور میں محبت کے معنی بدل گئے ہیں۔ پہلے لوگ محبوب سے بات کرنے کیلئے کئی جتن کرتے تھے اور آج سوشل میڈیا کے ذریعے سب کچھ آسان ہوگیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ رشتے کمزور بھی ہوگئے ہیں۔

ایم ایم نیوز:ایسا کوئی ایک کردار بتائیں جسے نبھا کر بہت لطف آیا ہو؟
عرفان موتی والا: میں نے ایک پیون کا کردار ادا کیا تھا جو بہت زبردست رہا، میں نے اس کردار کیلئے شروع میں منع کردیا تھا لیکن ڈرامہ نگار نے کہا کہ یہ کردار آپ کیلئے ہی لکھا ہے اور جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو بہت اچھا لگا ۔کردار کو ادا کرکے اوراچھا لگا ۔ڈرامے میں زیادہ تر نئے چہرے تھے ۔ان کے ساتھ کام کرکے مزہ بھی آیا اور سیکھنے کا موقع بھی ملا۔

ایم ایم نیوز:ٹک ٹاک کو بہت برا سمجھا جاتا ہے، آپ کی اسکے حوالے سے کیا رائے ہے ؟
عرفان موتی والا: پہلے میں بھی ٹک ٹاک کو برا سمجھتا تھا لیکن جب میں نے ٹک ٹاکرز کے ساتھ کام کیا تو اندازہ ہوا کہ وہ لوگ جو ٹی وی نہیں دیکھتے ان کیلئے ٹک ٹاک ویڈیو ایک تفریح کا ذریعہ ہے۔

ایم ایم نیوز:کیا ٹک ٹاکرز شہرت میں پروفیشنل فنکاروں کی جگہ لے سکتے ہیں ؟
عرفان موتی والا: ایک بار ایسا ہوا کہ میں ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ پرپہنچا تو میک اپ روم کے باہر لوگوں کی بھیڑ جمع تھی تو مجھے ایسا لگا کہ یہ میرے مداح ہیں لیکن وہ ٹک ٹاکرز کے فین تھے۔ درحقیقت جو لوگ ٹی وی نہیں دیکھتے ان کیلئے ٹک ٹاکرز ہی اسٹارز ہیں اور ٹک ٹاکرز نے بھی بہت محنت سے نام بنایا ہے ۔ٹک ٹاکرز کو معلوم ہے کہ لوگوں کے ساتھ کیسے منسلک رہنا ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ خود بھی ٹک ٹاک بنانا پسند کرتے ہیں؟
عرفان موتی والا: ٹک ٹاکرز کے ساتھ پروجیکٹ کے دوران میں نے بھی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا شروع کیں تو میری فین فالوونگ میں اضافہ ہوا اور جو لوگ ٹی وی نہیں دیکھتے اور مجھے نہیں جانتے تھے وہ بھی مجھے جاننے لگ گئے ۔میرے مداحوں میں اضافہ ہوا۔

اس سے میں نے یہ سیکھا کہ کسی بھی چیز پر تنقیدکرنے سے پہلے آپ کو اس کے حوالے سے مکمل معلومات ضرور لینی چاہیے۔

ایم ایم نیوز:طویل کیریئر کے باوجود آج بھی آپ اس مقام پر نہیں پہنچ سکے جہاں ہونا چاہیے تھا؟
عرفان موتی والا: ہر شعبہ میں لوگوں کا ایک مائنڈ سیٹ ہوتا ہے۔ جب وہ آپ کو نیچے سے اوپر آتا دیکھتے ہیں تو بھی ان کے اذہان میں آپ کا ابتدائی دور ہی گھوم رہا ہوتا ہے اور وہ آپ کو نئی حیثیت یا مقام دینے میں ہچکچاتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ محنت اور لگن سے آگے آنیوالوں کو اکثر ان کا جائز مقام نہیں مل پاتا۔

ایم ایم نیوز:سیاست میں کتنی دلچسپی ہے؟ کونسی سیاسی جماعت میں جانا پسند کرینگے ؟
عرفان موتی والا: سیاست میں ایک حد تک دلچسپی ہے لیکن ذاتی طور پر سیاست میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور میرے خیال میں فنکار کو سیاست سے دور ہی رہنا چاہیے کیونکہ اس سے آپ کے مداح تقسیم ہوجاتے ہیں۔

ایم ایم نیوز:ذاتی طور پر مزاحیہ یا سنجیدہ کرداروں میں سے کس نوعیت کے کردار زیادہ پسند ہیں؟
عرفان موتی والا: میں خود کو ہر قسم کی صورتحال میں ڈھال لیتا ہوں، کامیڈی اور سنجیدہ دونوں  کرداروں میں کام کیا ۔دونوں صورتوں میں کردار کی نوعیت کو ذہن میں رکھ کر کام کیا اور مزہ آیا۔

ایم ایم نیوز:اہلیہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی کیوں نہیں کی ؟
عرفان موتی والا: میرے بچے اور دوست احباب چاہتے ہیں کہ میں دوبارہ شادی کرلوں لیکن میرا شادی کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ اگر میں دوبارہ شادی کرتا ہوں تو شاید میرا میرے بچوں کے ساتھ تعلق کم ہوسکتا ہے۔

میرے دوستوں نے بہت کوشش کی لیکن میرا ذہن نہیں مانتا ۔ ہاں اگر کسی سے پیار ہوگیا تو ممکن ہے کہ میں شادی کربھی لوں۔

Related Posts