گوجرانوالہ میں بوری بند لاش ملنے کی لرزہ خیز واردات کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔ پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول کو اس کے قریبی دوستوں نے ہی مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتارا تھا۔
سی پی او گوجرانوالہ صہیب اشرف نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قتل کی یہ واردات 10 نومبر کو تھانہ جنڈیالہ باغوالہ کی حدود میں پیش آئی تھی جہاں اسکریپ کا کاروبار کرنے والے شخص کو نشانہ بنایا گیا جبکہ واردات میں ملوث دونوں ملزمان مقتول کے دوست ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول نے اپنے دوستوں کو رقم ادھار دے رکھی تھی اور جب اس نے اپنے پیسوں کا تقاضا کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر اسے زہر دے کر قتل کر دیا بعد ازاں جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے لاش کو بوری میں بند کرکے ایک ویران پلاٹ میں پھینک دیا گیا۔
سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد مقتول کے اہلِ خانہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی تھیں تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے سراغ لگاتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








