مومنہ اقبال ہراسگی کیس: ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں توسیع

تازہ ترین

تازہ ترین

Momina
(فوٹو: اے آر وائی)

لاہور کی مقامی عدالت نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کے کیس میں معروف سیاست دان ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسگی کیس میں ن لیگی ایم پی اے اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت لاہور کی سیشن کورٹ میں ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کے دلائل پر فیصلہ سنا دیا۔

سماعت کے دوران مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان اور ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف نے عدالت میں حاضری دی۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی جو تفتیش میں قصور وار قرار دئیے گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ کا موبائل فون 2 روز قبل این سی سی آئی اے میں جمع کرایا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کی اہلیہ سمیرا کا فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ ملزمان کی آزادی مومنہ اقبال کیلئے سکیورٹی خدشات کا باعث ہے، تاہم عدالت نے وکلا کو حتمی دلائل کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

عدالت نے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے ضروری نوٹسز جاری کردئیے۔ خیال رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراسگی اور دھمکانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا جس پر قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

Related Posts