بھارت خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دے رہا ہے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے بھارت میں سفارتی عملے کے دو ارکان کو حراست میں لینے کے بعد ناپسندیدہ قرار دیکر ملک چھوڑنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی اقدام کو خطے میں کشیدگی مزید بڑھانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے عالمی برادری سے بھارتی جارحانہ رویئے کا نوٹس لیکر خطے میں بڑھتی کشیدگی کم کرانے کی اپیل کی ہے۔

بھارت میں اتوار کے روز حسب سابق سفارتی آداب کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو غیرسفارتی و غیر اخلاقی سرگرمیوں کا الزام لگا کر 24 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو بھجوائے گئے مراسلہ میں بھارت نے الزامات کی وضاحت نہیں کی جبکہ ان دو اہلکاروں کو حراست میں بھی لیا گیا تاہم ہائی کمیشن کی مداخلت پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو ہراساں کرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، عملے کے ارکان کا تعاقب کرنا، سڑکوں پر ہراساں کرنا ، ویڈیوز بنانا اور گاڑیوں کا گھیراؤ کرکے پاکستانی سفارتی ارکان کو پریشان کرنے کی خبریں اکثر و بیشتر دیکھنے میں آتی ہیں تاہم اتوار کے روز بھارتی اداروں نے دو پاکستان ارکان کو حراست میں بھی لیا جس پر ہائی کمیشن کی مداخلت کے بعد دونوں ارکان کو چھوڑ دیا گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے گزشتہ دنوں لداخ میں بھی پیش قدمی کی کوشش میں چینی فوج کے ہاتھوں بری طرح پسپا ہونے کے بعد ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کو مزید ہوا دینے کی کوشش کررہا ہے۔

لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ جاسوسی کےلئے کواڈکاپٹرز بھی بھیجے جارہے ہیں ، پاکستانی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بھارت کے دو کواڈ کاپٹرز مارگرائے ہیں ، اس کے باوجود بھارت کا جارحانہ رویہ خطے میں مزید تناؤ کی کیفیت پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔

بھارت میں ہونیوالی کسی بھی سانحہ یا واقعہ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا ایک عام روایت بن چکا ہے۔لداخ میں چینی فوج سے ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی اور اب ٹڈی دل کا مسئلہ بھی پاکستان پر ڈال کر انتہائی مضحکہ خیز انداز میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔

بھارت بیک وقت چین، نیپال اور پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کو بڑھاو دیکر خطے کا امن داؤ پر لگارہا ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت کے اقدامات کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کیونکہ بھارت کے جنگی عزائم اور اندرونی سازشیں خطے کو ایک نئی جنگ میں دھکیل سکتی ہیں جس کے نتائج انتہائی ہولناک ہونگے۔

Related Posts