عمران خان کے صاحبزادے بغیر ویزا پاکستان آسکتے ہیں! وزیر دفاع نے قاسم و سیلمان کی نائیکوپ کی تفصیل جاری کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان کے پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دونوں کے فعال نائیکوپ کارڈز اور ان کی میعاد کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کے پاس پاکستان کا ویزا نہ ہونے سے متعلق سامنے آنے والا بیانیہ حقیقت کے منافی ہے۔ ان کے بقول عمران خان کے خاندان یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ حکومت انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزا جاری نہیں کر رہی، درست نہیں۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ نائیکوپ یعنی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کو پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ اپنے کارڈ کی بنیاد پر جب چاہیں پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق سلیمان خان اور قاسم خان نے آخری مرتبہ 2022 میں انہی نائیکوپ کارڈز پر پاکستان کا سفر کیا تھا اور دونوں کے نائیکوپ اب بھی فعال ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سلیمان خان کا نائیکوپ 6 جنوری 2030 جبکہ قاسم خان کا نائیکوپ 8 نومبر 2032 تک کارآمد ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دونوں نائیکوپ کارڈز مکمل طور پر فعال ہیں اس لیے عمران خان کے صاحبزادے اگر چاہیں تو پاکستان آنے کے لیے ویزے کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

Related Posts