لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 90 ملین پاؤنڈ اسکینڈل پر تفتیش کیلئے قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے دفتر میں آج پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے عمران خان کو 90 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں تفتیش کیلئے 22 مئی کو طلب کیا تاہم عمران خان نے 22 کی جگہ 23 مئی کو حاضر ہونے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
شیریں مزاری اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار
سابق وزیر اعظم عمران خان آج انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بھی مقدمے کی سماعت کیلئے پیش ہوں گے۔ قبل ازیں عمران خان نے نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔ راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میں نے اور اہلیہ نے اسلام آباد میں پیش ہونا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم دونوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ریڈیو پاکستان یا کور کمانڈر ہاؤس جس نے بھی جلایا، وہ مجرم ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کو بھی چیلنج کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کمیشن کی موجودگی میں کسی اور کمیشن کی ضرورت نہیں۔