کراچی کے علاقے درخشاں تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر منظم انداز میں جوئے کا اڈا چلنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او درخشاں انسپکٹر راشد علی کو معطل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق معطل ایس ایچ او کو گارڈن ہیڈ کوارٹرز بی کمپنی کلوز کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ کارروائی گزشتہ رات درخشاں کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے چھاپے کے بعد عمل میں آئی، جہاں سے مبینہ جوئے کے اڈے پر موجود 28 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبینہ جوئے کا اڈا طارق پی ٹی سی ایل، فیضی اور عامر پولیس والا کی سرپرستی میں چلایا جا رہا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مختلف اداروں کے نام پر اس اڈے سے روزانہ لاکھوں روپے بھتہ اور دیگر رقوم وصول کی جاتی تھیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ محکمانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی یا غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ گرفتار افراد سے تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








