نجکاری کے بعد پی آئی اے بورڈ کا پہلا اجلاس، ملازمین کے لیے اہم فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملازمین کو ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس دینے کی منظوری دے دی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق نجکاری کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلا جبکہ مجموعی طور پر 102 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملازمین کے لیے بونس کی منظوری دی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بونس دینے کا مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا اور ادارے کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ پی آئی اے کے ملازمین قومی ایئرلائن کی بحالی کے عمل میں اہم ستون ہیں اور ان کی محنت ادارے کی بہتری میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام اس بات کا اظہار ہے کہ نئی انتظامیہ ایک بہترین، فعال اور عالمی معیار کی ایئرلائن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ملازمین کے لیے بونس کی منظوری سے ایئرلائن کے آپریشنز میں بہتری آئے گی اور ادارے کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

پی آئی اے حکام کے مطابق نئے انتظامی اقدامات کا مقصد ادارے کی کارکردگی بہتر بنانا، ملازمین کا اعتماد بحال کرنا اور قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

Related Posts