کراچی میں شہری سے مبینہ بدسلوکی، وائرل ویڈیو پر ٹریفک اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور دھمکی آمیز رویے کی وائرل ویڈیو پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اے آئی جی ٹریفک کراچی کی ہدایت پر واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک ٹریفک اہلکار شہری کو موبائل فون ہاتھ میں نہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے مبینہ طور پر دھمکاتا ہوا دکھائی دیتا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں سے بدسلوکی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی طور پر رقم طلب کرنے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اگر کسی اہلکار کے خلاف شکایت ثابت ہوئی تو محکمانہ ضابطوں کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہریوں کی عزت، تحفظ اور قانون کی پاسداری اس کی اولین ترجیح ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Related Posts