عراق کی زیارت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والا مبینہ انسانی اسمگلر گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عراق کی زیارت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے کے الزام میں ایک مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم شہریوں کو جعلی ویزوں کے ذریعے ایران اور عراق بھیجنے کے منظم نیٹ ورک کا حصہ ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سید شاہکار حیدر کے نام سے ہوئی، جسے پاکستان ایکسپریس کی فیصل آباد آمد کے دوران سامنے آنے والے ایک ویزا تنازع کے بعد حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے 8 سے 10 شہریوں کو عراق کی زیارت کا جھانسہ دے کر ایران کے شہر مشہد پہنچایا، تاہم ایران۔عراق سرحد پر ان کے ویزے جعلی قرار دیے گئے، جس کے باعث متعلقہ حکام نے انہیں واپس بھیج دیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 12 پاکستانی پاسپورٹس، 10 ایرانی سفری دستاویزات اور موبائل فون برآمد ہوا، جس میں پاسپورٹس، ویزوں اور ٹکٹوں سے متعلق اہم ریکارڈ موجود تھا۔

ملزم کی نشاندہی پر فیصل آباد کے بھوانہ بازار میں واقع ایک پرنٹنگ پریس پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں سے لیپ ٹاپ سمیت ایرانی اور عراقی ویزوں کی مبینہ طور پر ترمیم شدہ نقول برآمد کی گئیں، جنہیں فرانزک جانچ کے لیے قبضے میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق ملزم ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ ہے، جو شہریوں کو ایران اور عراق کے راستے غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے میں ملوث رہا ہے۔ ادارے نے بتایا کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کرداروں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

Related Posts