کراچی میں برسات کے موسم میں خستہ اورمزیدار پکوڑوں کا لطف اٹھائیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں ان دنوں مون سون سیزن کی آمد آمد ہے اور ایسے میں شہریوں بارش سے لطف اٹھانے کیلئے گرما گرم پکوڑے کھانے کی بھی تیاریاں کررکھی ہیں، بارش اور پکوڑوں کو لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی برسات میں گرما گرم پکوڑے موسم کا لطف دوبالا کردیتے ہیں۔

ایم ایم نیوز نے اپنے قارئین کیلئے موسم کی مناسبت سے اس ہفتے دسترخوان کیلئے مزیدار پکوڑوں کا انتخاب کیا ہے۔

شاہ فیصل کالونی 3 نمبر پر گزشتہ 35 سال سے شہریوں کو خستہ، کرارے اور مزیدار پکوڑے فراہم کئے جارہے ہیں، اس دکان کے عملے کا کہنا ہے کہ اسماعیل کے نام سے ہماری دکان ہے اور ہم پچھلے 35 سال سے پکوڑے بنارہے ہیں، پہلے سڑک پر ٹھیلا لگاتے تھے لیکن کاروبار میں وسعت کی وجہ سے اب دکان میں پکوڑے بناتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہاں پانچ اقسام کے پکوڑے تیار کئے جاتے ہیں جن میں آلو، دال، مرچ اور پیاز کے پکوڑے اور آلوکے کٹلس شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہاں ہمیشہ پکوڑے کھانے والوں کا ہجوم رہتا ہے لیکن بارش کے موسم میں یہاں رش بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم پکوڑے کا تمام سامان گھر سے تیار کرکے لاتے ہیں اور دکان پر تل کر لوگوں کو دیدیتے ہیں،پکوڑوں کی تیاری کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ بیسن میں پانی، نمک، رنگ، پیاز اور دیگر اجزاء شامل کرکے مزیدار پکوڑے تیار کئے جاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم 80 روپے پاؤ کے حساب سے پکوڑے فروخت کرتے ہیں۔ ایک بار آپ ہمارے پکوڑے کھاکر دیکھیں اگر آپ کو مزہ نہ آئے تو پیسے واپس لے لیں۔