بلوچستان میں زلزلہ: کئی مکانات تباہ ہوگئے، 20 افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

زلزلہ
(فوٹو: آن لائن)

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے تباہی مچ گئی۔ ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے کلی، چاپ اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے جمعے کے روز محسوس کیے گئے جن سے کئی مکانات تباہ ہوگئے اور زلزلے کے باعث 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زلزلے کے نتیجے میں متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے نکل کر باہر آگئے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متأثرہ مکانات کی تعداد 90 سے زائد ہے۔

کمشنر لورالائی کے مطابق مختلف علاقوں سے مزید نقصانات کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔ زلزلے کی اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

شہری انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فرہامی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مزید تخمینہ لگانے کیلئے سروے بھی جاری ہے۔ شہریوں کو مزید ممکنہ آفٹر شاکس کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا جارہا ہے۔

Related Posts