گھریلو ناچاقی یا کوئی ہولناک سازش؟ علاء الدین دوسری بیوی رخسانہ کو گولی مار کر فرار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

لاہور کے علاقے شالیمار میں گھریلو ناچاقی نے ایک خطرناک موڑ لے لیا جہاں تلخ کلامی کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی ہی بیوی کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر لہولہان کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاء الدین نامی شخص کا اپنی دوسری بیوی رخسار کے ساتھ گھریلو معاملات پر شدید جھگڑا ہوا۔ گھریلو ناچاقی اور تلخ کلامی اس حد تک بڑھی کہ ملزم غصے میں بے قابو ہو گیا اور طیش میں آ کر اس نے رخسار کی ٹانگ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔

واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ زخمی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائنز منزہ کرامت اور شالیمار پولیس کی نفری فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے موقع سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق مفرور ملزم علاء الدین کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے شالیمار کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ ملزم کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Related Posts