کراچی، بلدیہ شرقی میں بدعنوان افسران نے روڈ کٹنگ کے نام پر لاکھوں کما لیے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، بلدیہ شرقی میں بدعنوان افسران نے روڈ کٹنگ کے نام پر لاکھوں کما لیے
کراچی، بلدیہ شرقی میں بدعنوان افسران نے روڈ کٹنگ کے نام پر لاکھوں کما لیے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں بلدیہ شرقی (ڈی ایم سی ایسٹ) کے بدعنوان افسران روڈ کٹنگ کی مد میں لاکھوں کی ناجائز آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ بی اینڈ آر کے افسران نے ڈی ایم سی ایسٹ کو روڈ کٹنگ کی مد میں مبینہ طور پر 40 لاکھ روپے کے قریب نقصان پہنچایا جبکہ بلدیہ شرقی کے محکمہ بی اینڈ آر کے حال ہی میں تبادلہ ہو کر آنے والے ایکسیئن اقبال ملاح نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔

متعلقہ محکمے کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ انتظامی تقرر و تبادلے کرتا ہے تاہم اس کرپشن پر سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، جس کے باعث اداروں میں مزید کھل کر کرپشن کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔ حالیہ جاری روڈ کٹنگ کی این او سی سائبر نیٹ کمپنی کو جاری کی گئی ہے۔

سائبر نیٹ کمپنی کے بشیر احمد نے سارے معاملات میں اپنی کمپنی کی ترجمانی کی ہے ، یوں تو اس کمپنی نے رشوت دی تاہم ناجائز طریقہ سے کام کرانے پر سائبر نیٹ اور اس کے ذمہ دار افسر بشیر احمد بھی گرفت میں آسکتے ہیں۔ بلدیہ شرقی کے گلشن اقبال زون میں سیکٹر 4 اے کے پٹیل اسپتال کے قریب 3 ہزار 400رنگ فٹ کی جا رہی ہے۔

مذکورہ روڈ کٹنگ کے ساتھ ساتھ گلشن اقبال کے سیکٹر 13 بی اور سیکٹر 13 سی کے درمیان 3200 رنگ فٹ روڈ کٹنگ تا حال جاری ہے۔ محکمہ بی اینڈ آر کے ایک سینئر انجینئر نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ میں تعیناتی کا منتظر ہوں تاہم اس مقام کی روڈ کٹنگ کی مد میں کم و بیش 65 لاکھ سے زائد کا چالان بننا چاہیے تھا۔

سینئر انجینئر کے مطابق کرپشن کے سمندر میں غوطہ زن افسران خصوصاََ ایکسسیئن اقبال ملاح نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر راشد فیاض ، انچارج روڈ کٹنگ اور دیگر ٹیکنیکل ملازمین نے مل کر کرپشن کی۔ با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی چالان کی مد میں صرف 22 لاکھ وصول کر کے سرکاری کھاتے میں جمع کرائے گئے۔

دوسری جانب مبینہ طور پر 40 لاکھ روپے بدعنوان افسران کی جیبوں میں جا چکے ہیں جس میں معطل شدہ میونسپل کمشنروسیم مصطفیٰ سومرو کی بھی سرپرستی شامل تھی ۔ اقبال ملاح کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بلدیہ شرقی کے محکمہ بلڈنگ اینڈ روڈ ( بی اینڈ آر) میں ایکسیئن تعینات کیا ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال ملاح جن کا کراچی سے کوئی تعلق نہیں ہے ان کی ڈی ایم سی میں تعیناتی بھی سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے خلاف ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلدیہ شرقی میں تعینات افسران کو دوسرے اداروں میں واپس بھیجا جا رہا ہے اور دوسرے اضلاع سے افسران کو بلدیہ شرقی میں تعینات کیا جا رہا ہے۔

راشد فیاض جو پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر تھے انہیں اے ای ای بنادیا گیا ہے ، تاہم عہدوں کی تبدیلی کے باوجود کرپشن زوروں پر ہے ۔ اے ای ای راشد فیاض نے  بتایا کہ تمام امورایڈمنسٹریٹر شرقی جو ڈپٹی کمشنر ایسٹ بھی ہیں ان کی نگرانی میں ہوئے ہیں اور ان کی منظوری سے چالان و این او سی جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کرپشن کی تردید کرتے ہوئے جاری چالان کو جائز اور قانونی قرار دیا ۔ اس حوالے سے بلدیہ شرقی سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، مذہبی، سماجی شخصیات نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ شرقی میں اچھی شہرت کے افسران کو تعینات کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان حافظ آباد کا دورہ آج کریں گے

Related Posts