طلاق کا تنازعہ، فائرنگ سے 3بہنیں اورایک بھائی جاں بحق، ملزمان فرار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی:تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ ڈھوک کمال دین میں پسند کی شادی کے بعد طلاق کا مطالبہ کرنے پر دیور نے اپنے بھائیوں سے مل کر بھابھی کے گھر جا کر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ سے بھابھی زخمی جبکہ اس کی 3 بہنیں اور 1 بھائی جاں بحق ہو گئے۔

فائرنگ کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اطلاع ملنے پر مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی،تاہم ملزمان موقع سے فرار ہو چکے تھے، ریسکیو1122نے جاں بحق اورزخمی ہونے والوں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق ڈھوک کمال دین کی رہائشی خاتون مسماۃ ایرج نے خرم نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی جس کا لڑکی کے گھر والوں کو رنج تھا، جس نے اپنے خاوند خرم سے طلاق لینا چاہی تو معاملہ بگڑ گیا، اور خرم کا بھائی غلام عباس طلاق کے خلاف تھا۔

گزشتہ روز غلام عباس،خرم اور بابر مسلح ہو کر ایرج کے گھر پہنچ گئے،جہاں پر باہمی بات چیت کے دوران تکرار شروع ہوئی اور بات جھگڑے تک پہنچ گئی، جس پر غلام عباس نے فائرنگ کر دی جس سے اس کی بھابھی ایرج اس کی بہنیں صباحت، حرا نو شین اورفائزہ کے علاوہ بھائی علی حیدر شدید زخمی ہو گئے۔

تینوں مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 اور سٹی پولیس افسر محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز شعیب محمود،ایس پی پوٹھوہار سید علی اور اے ایس پی سول لائنز بینش فاطمہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

ایس پی پوٹھوہار کے مطابق زخمی خاتون ایرج نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ فائرنگ اس کے دیور غلام عباس نے کی،ایرج اپنے شوہر خرم سے طلاق لینا چاہتی تھی،جس کا دیور کو رنج تھا، فائرنگ سے زخمی ہونے والی 3 بہنیں صباحت، فائزہ اور حرا نو شین جبکہ ان کا بھائی علی حیدر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا، زخمی خاتون کو بھی طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ایس ایس پی آپریشنزکے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کئے کر لئے گئے ہیں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے،ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔