وفاقی پولیس گداگر مافیا کی سرپرست بن گئی، شہری غیر محفوظ ہوگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں گداگروں کی بھرمار سے شہری پریشان، گداگر مافیا کی مبینہ طور پر پشت پناہی وفاقی پولیس کے اہلکار کرنے لگے۔

جب چند گداگروں کو گرفتار کیا گیا تو دوران تفتیش گداگروں نے انکشاف کیا ہے کہ اس گروہ کے سرغنہ حاضر سروس وفاقی پولیس کے اہلکار ہیں جب ان پولیس اہلکاروں کی نشان دہی کی گئی تو پولیس نے اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کے لیے مختلف حربے آزمائے اور کامیاب ہوگئے۔

گداگر شہر اقتدار کی مختلف شاہراہوں پر کھڑے ہو جاتے ہیں جونہی ٹریفک سگنل بند ہوتا ہے تو یہ گداگر بھیک مانگنے کے علاوہ چوری اور ڈکیتی بھی کرتے ہیں اور مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں۔

جن گاڑیوں کے شیشے کھلے ہوتے ہیں ان گاڑیوں میں سے موبائل پرس اور دیگر قیمتی سامان اٹھا کر بھاگ جاتے ہیں،اس وقت سیف سٹی کے سی سی ٹی وی 2500کیمروں میں سے 1800 کیمرے خراب ہیں لیکن اب تک ان کیمروں کو ٹھیک نہیں کرایا گیا۔

اسلام آباد کے شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے رات کے وقت خواتین اور بچوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے ہمیں تحفظ فراہم کرے، تمام گداگروں کو شہر اقتدار سے پاک کیا جائے تاکہ شہری چوری چکاری اور دیگر جرائم سے محفوظ ہوسکیں۔