نیپال میں شدید سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 362 ہوگئی ہے، جبکہ سیکڑوں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکام کی جانب سے لاپتا افراد کی تلاش کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رکھا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپال کے ضلع راسووا میں گزشتہ روز اچانک آنے والے تباہ کن سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 362 تک پہنچ گئی۔ حکام کے مطابق 500 سے زائد سیاح تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
نیپال کے سیاحتی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد میں400سے زیادہ غیرملکی شہری بھی شامل ہیں۔ ان میں 142 بھارتی، 54 امریکی، 34 آسٹریلوی، 33 برطانوی، 24 کینیڈین، 17 ملائیشین اور 53 یوکرینی شہری شامل ہیں، جبکہ دیگر ممالک کے افراد بھی لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، پرتگال اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد بھی تاحال لاپتا ہیں۔ ان شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








