پاکستانی اداکار دانش تیمور کو چار شادیوں سے متعلق اپنے بیان پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے معذرت کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دانش تیمور ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس ہفتے ان کی اہلیہ معروف اداکارہ عائزہ خان بطور مہمان پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں دانش تیمور نے چار شادیوں سے متعلق ایک جملہ کہا۔
اداکار نے کہا کہ مجھے اللہ نے چار شادیوں کی اجازت دی ہے۔ میں ابھی نہیں کر رہا، یہ الگ بات ہے۔ان کے الفاظ ابھی نہیں اور چار شادیوں کے حوالے سے یہ بیان سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگیا، جس کے بعد دانش تیمور کو معذرت کرنا پڑی۔
دانش تیمور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا، “مجھے معلوم ہے کہ آپ سب مجھ سے ناراض ہیں۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ میں نے اپنی بیوی عائزہ کی بے عزتی کی لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔ میں اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں۔ شاید میرے الفاظ کا چناؤ درست نہیں تھا۔ میں اکثر ابھی نہیں کا جملہ استعمال کرتا ہوں، جس کا مطلب موجودہ صورتحال ہوتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “میرا یقین ہے کہ ہم سب کو ایک دن مرنا ہے۔ الحمدللہ، میں اپنی زندگی میں کبھی کسی تنازع کا حصہ نہیں رہا۔ اس معاملے کو یہیں ختم ہونا چاہیے۔ جب میری نیت اور دل میں ایسی کوئی بات نہیں تو معاملے کو بڑھانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔”
آخر میں انہوں نے کہا، “اگر میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔ میں آپ سب کو ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ میں نے اپنی زندگی آپ کی تفریح کے لیے وقف کر دی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب خوش رہیں، جیسے میں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ خوش ہوں۔