اسلام آباد: عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی حاضری استثنیٰ کی درخواست سیشن عدالت نے منظور کی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس عمران خان کے پیچھے نہ لگیں، مریم نواز
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء نے سابق وزیر اعظم کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 3 روز سے اسلام آباد بار کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے جو آج بھی جاری ہے۔
سابق وزیر اعظم کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے حکومت نے سکیورٹی واپس لے لی، چیئرمین تحریکِ انصاف کی جان کو خطرہ ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کی ہے۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان سکیورٹی کے باعث عدالت نہیں آئے۔ انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی پیش کرسکتے ہیں۔ عدالت عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی اور حاضری استثنیٰ کی درخواست بھی منطور کی۔ عدالت نے عمران خان کو آئندہ پیشی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی۔