مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں امرناتھ یاترا کے دوران ایک بڑا اور افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ہندو زائرین سے بھری ہوئی ایک تیز رفتار بس بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور تباہی کا شکار ہو گئی۔
حکام کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق یہ ہولناک واقعہ گاندربل کے علاقے کنگن میں ہری گانوان کے مقام پر اس وقت رونما ہوا جب بس کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث ایک موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی پر سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا۔
بے قابو ہونے والی یہ بس سڑک کنارے بنے ایک مکان سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں مذکورہ مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم معجزانہ طور پر یہی مکان بس کے لیے ایک رکاوٹ بن گیا اور اس نے گاڑی کو مزید آگے گہرے پانیوں یعنی دریائے سندھ میں گرنے سے بال بال روک لیا۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت وہ مکان بالکل خالی تھا اور وہاں کوئی بھی شخص موجود نہیں تھا۔
🚨39 Amarnath Yatra pilgrims injured as speeding bus skids off road in J&K’s Ganderbal; Injured pilgrims are getting treated at SKIMS hospital pic.twitter.com/Zv3Ukji8Sv
— The Tatva (@thetatvaindia) July 28, 2026
حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس بدنصیب واقعے کے نتیجے میں کم از کم 39 یاتری زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تمام زخمی زائرین امرناتھ کے مقدس غار کے درشن اور یاترا کی تکمیل کے بعد بحفاظت واپس لوٹ رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں مسافروں کو بس سے باہر نکالا اور فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زخمی ہونے والے تمام یاتریوں کی خیریت دریافت کی ہے۔ انہوں نے گاندربل کے ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے زخمیوں کی طبی حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
منوج سنہا نے اپنے سرکاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ بابا برفانی کے درشن کے بعد واپس لوٹنے والے 39 یاتری اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں جن تمام کا علاج اس وقت سری نگر کے ایس کے آئی ایم ایس (SKIMS) اسپتال میں جاری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ ضلعی اور طبی حکام کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ زخمی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور انہیں اسپتال میں بہترین سے بہترین طبی امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








