معروف پاکستانی اداکار اور ڈرامہ نگار سیّد محمد احمد نے پاکستانی ڈرامے اے آئی سے لکھے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروڈیوسرز اسکرپٹس میں اپنی مرضی سے تبدیلیاں کرلیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکار سید محمد احمد نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت لکھاری موجود ہیں تاہم پروڈیوسرز اصل لکھاریوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو متأثر کر رہے ہیں۔ پروڈیوسرز ریٹنگ اور وائرل مواد کی خاطر ڈراموں میں من مانی تبدیلیاں کرتے ہیں۔
گفتگو کے دوران ڈرامہ نگار سید محمد احمد نے کہا کہ میرے اپنے ایک ڈرامے کی 17 اقساط مکمل ہوچکی تھیں لیکن مجھے 11 ویں قسط کے بعد کا تمام مواد حذف کرنے کا کہہ دیا گیا۔ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اسکرپٹ رائٹرز کو اپنی تحریروں پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہوتا۔ میں نے خود بھی پروڈیوسرز کو تبدیلیوں کی اجازت دے دی تھی۔
ڈرامہ نگار سید محمد احمد نے کہا کہ اگر بار بار وضاحت کے باوجود بھی پروڈیوسرز کی سمجھ میں نہ آئے تو پھر وہ خود ہی اسکرپٹ میں تبدیلیاں کرلیتے ہیں۔ کئی لکھاری مصنوعی ذہانت کی مدد سے ڈرامے لکھتے ہیں جس کی وجہ سے مکالمے، مقامی زبان و ثقافت اور معاشرتی انداز ہماری روایات سے مطابقت نہیں رکھتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








