مستحق خواتین بینظیر سم کہاں سے حاصل کریں؟ اہم ہدایات جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے ڈیجیٹل والٹ اور بینظیر سم کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق مستحق خواتین ڈیجیٹل والٹ کے لیے بینظیر سم صرف اور صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر سے حاصل کریں۔ کسی دوسرے مقام یا غیر متعلقہ شخص سے سم حاصل کرنے کی صورت میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بی آئی ایس پی نے خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ، غلط معلومات یا بہکاوے میں نہ آئیں اور درست معلومات و رہنمائی کے لیے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔

چند روز قبل چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بھی ای کچہری کے دوران مستحق خواتین کو ہدایت کی تھی کہ جن بینفشریز نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی بینظیر سم مفت حاصل نہیں کی یا کسی دوسرے مقام سے سم حاصل کرلی ہے، وہ اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے بینظیر سم مفت حاصل کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ سم حاصل کرنے کے لیے خواتین اپنا اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لائیں اور سم وصول کرتے وقت بی آئی ایس پی عملے سے کہیں کہ وہ سم خود ان کے موبائل فون میں نصب کرے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق مستحق خاتون کی رقم ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے کے بعد متعلقہ بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ رقم نکلوانے کے بعد بھی تصدیقی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا، جس میں منتقل اور وصول کی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔ یہ ایس ایم ایس ادائیگی کی تصدیق کے لیے اہم ثبوت ہوگا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو خاص طور پر ہدایت کی کہ وہ اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں، کیونکہ رقم وصول کرنے کے لیے صرف اصل شناختی کارڈ اور بائیو میٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اپنا موبائل فون اور موبائل نمبر ہمیشہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کوئی شخص ان کے پیغامات یا شکایات سے متعلق معلومات حذف نہ کرسکے۔

بی آئی ایس پی کے مطابق پروگرام کے تمام وظائف، سہولیات اور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں، لہٰذا خواتین کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو رقم یا فیس ادا نہ کریں۔

Related Posts