آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیئے جس میں طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اہم پوزیشنز اپنے نام کرلیں۔
سائنس گروپ طالبات میں سمیعہ چوہدری، امامہ مزمل اور مہروش نعیم عباسی نے 1200 میں سے 1184 نمبر لے کر مشترکہ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ طلبہ میں عبداللہ ریاض 1178 نمبر کے ساتھ اول رہے۔
جنرل گروپ طالبات میں فریال عمران نے 1127 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ طلبہ میں پرائیویٹ امیدوار عبداللہ مسعود توحیدی 1117 نمبر کے ساتھ سرفہرست رہے۔
سائنس گروپ میں مخزارا شاہد اور نتالیہ محبوب نے 1183 نمبر کے ساتھ مشترکہ دوسری، جبکہ وردہ امجد، ادیبہ ظہیر، مومنہ شاہد، ثنا اعجاز اور ایمن اعجاز نے 1182 نمبر کے ساتھ مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل گروپ طالبات میں امامہ فاطمہ 1110 نمبر کے ساتھ دوسری اور امریں مظہر 1108 نمبر کے ساتھ تیسری رہیں۔ طلبہ میں محمد ایان نے 1110 اور محمد اریب خان نے 1102 نمبر لے کر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پوزیشن ہولڈرز نے کامیابی کو والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور مسلسل محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ طلبہ نے کہا کہ باقاعدگی، بہتر وقت کی تقسیم، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








