خواتین پر تشدد کا کیس: رجب بٹ سمیت 5 ملزمان پر فردِ جرم 18اگست کو عائد ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور کی مقامی عدالت نے خواتین پر تشدد اور ہراسگی کے کیس میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ سمیت 5ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کیلئے 18 اگست کی تاریخ مقرر کردی ہے۔ ملزمان کو آئندہ سماعت کے موقعے پر عدالت میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف سیشن کورٹ لاہور میں عائشہ جٹ کی جانب سے دائر کی گئی استغاثہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر یاب نے کی۔ سماعت کے دوران استغاثہ نے پولیس پر ملزمان کی ناقص تفتیش کا الزام عائد کردیا۔

استغاثہ نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے مقدمے کے چالان میں ملزمان کی تفتیش درست طور پر نہیں کی۔ وکیل نے کہا کہ ہم عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ قانون کے مطابق معاملے کا جائزہ لے اور رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی جائے۔

عدالت نے ملزمان کے خلاف دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد رجب بٹ سمیت پانچوں ملزمان کو فردِ جرم کیلئے 18 اگست کو طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ مدعیہ عائشہ جٹ نے رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان پر ہراسگی اور تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

عائشہ جٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے داستان کیفے میں جب میں اپنی سہیلیوں بشمول پلوشہ، زویا اور علی کے ساتھ کھانا کھانے گئی تو دو نوجوان لڑکوں اور دو لڑکیوں نے ہمیں گھیر لیا، ہراساں کیا اور تھپڑ مارے۔ لڑکوں نے پستول نکال لیے اور ایک ملزم نے فائرنگ بھی کی جبکہ یہ سب کچھ رجب بٹ کی پشت پناہی پر کیا گیا۔ کیفے کا منیجر ملزمان کو جانتا ہے۔

Related Posts