لاہور: پاکستان کی ویمن کرکٹر ایمن انور نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی فاسٹ بولنگ کا ایک خوبصورت عہد اپنے اختتام کو پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر ایمن انور نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جولائی 2016 سے فروری 2023 تک پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 8 ون ڈے اور 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ مجموعی طور پر 45 میچز میں انہوں نے 33 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ون ڈے میں 4 اور ٹی ٹوئنٹی میں 29 وکٹیں شامل ہیں۔
اس سے قبل ایمن انور نے جنوری 2010 میں کراچی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں کھیلتے ہوئے کرکٹ کے نمایاں سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ 2018، 2020 اور 2022-23 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے علاوہ 2022 کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اسکواڈ کا حصہ رہیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد ایمن انور نے کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھی ہے۔ وہ حالیہ عرصے میں براڈکاسٹر کے طور پر بھی کام کرتی رہی ہیں جبکہ جنوری 2026 میں میچ ریفری کے لیے انڈکشن کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ اس کے بعد کراچی میں جاری نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ میں انہوں نے ویمن میچ ریفری کی حیثیت سے ڈیبیو کیا، یوں ان کے کھیل کے سفر کا اگلا مرحلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








