کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد سوا 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد میں 9 روز باقی رہ گئے۔ ملک بھر سے نیشنل ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سپر ہائی وے کی مویشی منڈی پر گہرے بادلوں نے ڈیرہ جما لیا۔ مویشی منڈی میں ہلکی پھلکی پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ بیوپاریوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی۔
زمین کچی ہونے کے باعث مویشی منڈی میں رواں برس کی پہلی بارش کا پانی جذب ہوگیا۔ منڈی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ زیادہ بارش کی صورت میں نکاسئ آب کیلئے ٹیموں کو الرٹ رہنے کا کہہ دیا گیا۔
مویشی منڈی میں نصب بجلی کے پولز پر پلاسٹک کے پائپ چڑھا دئیے گئے ہیں۔ شہریوں اور بیوپاریوں کیلئے اعلانات جاری کیے جارہے ہیں کہ بجلی کے پولز سے دور رہیں۔
بارش تیز ہوجانے پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے بجلی کی سپلائی معطل کردی جائے گی۔ مویشی منڈی سے پانی نکال دیا جائے گا جس کے بعد بجلی کی سپلائی بحال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مویشی منڈی میں قتل ہونیوالااویس سونا دینے کیلئے نکلا تھا، اہل خانہ