راولپنڈی : علمائے کرام نے حکومت اور وقف املاک ایکٹ کے خلاف تحریکِ تحفظ مساجدومدارس کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں، جس کے لئے علمائے کرام نے ہزارہ ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن سمیت دیگر علاقوں کے مدارس و مساجد کے ہنگامی دورے بھی شروع کر دیئے ہیں۔ جس میں شرکت کے لیے علمائے کرام کو بڑی تعداد میں دعوت دی جارہی ہے ۔
تحریک تحفظِ مساجدومدارس کا پہلا احتجاجی مارچ 7 جولائی بروز بدھ سہ پہر 3 بجے جامعہ اسلامیہ صدر راولپنڈی سے کمیٹی چوک تک ہوگا، مارچ میں تمام مکاتب فکر کے دینی مدارس، نامور شخصیات اور علماء و مشائخ شرکت کریں گے، دیگر اضلاع سے قافلے بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔ لیاقت باغ کانفرنس احتجاجی مارچ کے بعد ہوگی، کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ تحریک کے قائدین نے وقف املاک ایکٹ کی واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
وقف املاک ایکٹ کے خلاف جاری تحریک کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کا اجلاس جامعہ اسلامیہ صدر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد مولانا قاضی عبدالرشید ناظم وفاق المدارس پنجاب، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن امیر جمعیت علماء اسلام پنجاب، مولانا نذیر احمد فاروقی سرپرست تحریکِ تحفظ مساجد ومدارس، صاحبزادہ مولانا مفتی اویس عزیز اور دیگر علماء کرام نے اکابر اور مرکزی قائدین کے ساتھ مشاورت کے بعد اعلان کیا کہ وقف املاک ایکٹ کے خلاف 7 جولائی بروز بدھ سہ پر تین بجے جامعہ اسلامیہ صدر راولپنڈی سے کمیٹی چوک تک عظیم الشان احتجاجی مارچ ہوگا۔
اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹیوں کے ذمہ داران نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا۔ چاص طور پر مختلف شہروں کا دورہ کرنے والے علماء کرام نے اجلاس کو بتایا کہ ہر جگہ لوگوں میں خوب جوش وخروش پایا جاتا ہے اور ہر کوئی وقف ایکٹ کی واپسی تک ہر قسم کی جدوجہد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس کے دوران اکابر علماء کرام کی علالت پر فکرمندی کا اظہار کیا گیا اور مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا فضل الرحمان اور مولانا محمد حنیف جالندھری کی جلد صحت یابی کےلیے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر یکم جولائی بروز جمعرات کو لیاقت باغ میں ہونے والی کانفرنس کو موخر کرنے کا اعلان بھی گیا۔ لیاقت باغ کانفرنس کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس میں مولانا عبدالغفار توحیدی،مولانا ڈاکٹر ضیاء الرحمن،مولانا محمد طیب فاروقی،مولانا قاضی ہارون الرشید،مولانا مفتی عبدالرحمن،مولانا عبدالظاہر فاروقی،مولاناارشاد احمد،مولانا سعید اعوان،مفتی محمد عمر،مولاناعبدالقدوس محمدی اور دیگر بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : پورٹ قاسم اتھارٹی سے 90 فیصد کرپشن ختم کردی ہے، محمود مولوی