اسلام آباد: ہمسایہ ملک چین سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے جس میں 1 لاکھ 20 ہزار خوراکیں لائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کے خصوصی اقدامات اور کاوشوں کے نتیجے میں سنگل ڈوز کین سائنو ویکسین کی 1 لاکھ 20 ہزار خوراکیں رات گئے پاکستان پہنچیں۔
بیجنگ سے گزشتہ شب اسلام آباد پہنچنے والی کین سائنو ویکسین کی 1 لاکھ 20 ہزار خوراکیں پاکستان نے اپنے عظیم دوست چین سے خریدی ہیں۔ ویکسین کی پیکنگ اور فارمولیشن این آئی ایچ کے ذریعے پاکستان میں ہی ہوگی۔
گزشتہ شب قومی ادارۂ صحت اور وزارتِ صحت کے حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کین سائنو ویکسین کی نئی کھیپ وصول کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل بلاتعطل جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 64ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔
اپنے بیان میں گزشتہ روز اسد عمر نے کہاکہ 2 روز قبل پہلی دفعہ کسی بھی ایک دن میں ویکسین لگانے کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی اور یہ پہلا دن تھا جب 40 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں ایک لاکھ 64ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، اسد عمر