لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہم قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، آئندہ کسی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاعات کے بعد کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے دوپہر کے وقت محمد عامر سے رابطہ کیا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی سے گفتگو کے دوران محمد عامر نے تصدیق کی کہ وہ مزید عالمی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے، اِس لیے آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کریں گے۔
محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر بیان میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے جس کا پی سی بی احترام کرتا ہے۔ لہٰذا اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کی اصل وجوہات سامنے آگئیں، محمد عامر نے اپنے بیان میں ریٹائرمنٹ کے اسباب سے پردہ اٹھا دیا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں پوری دیانتداری کے ساتھ کہتا ہوں کہ جس قسم کا ماحول بن چکا ہے، میں اس کے ہوتے ہوئے اپنی کرکٹ جاری نہیں رکھ سکتا۔
مزید پڑھیں: محمد عامر کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اصل وجوہات سامنے آگئیں