کورونا کے باعث سندھ حکومت کا تمام دینی مدارس میں تعلیم فوری بند کرنے کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:  کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے باعث سندھ حکومت نے تمام دینی مدارس میں تعلیم فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سندھ اور خاص طور پر کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی شرح سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سندھ حکومت نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے تمام تر دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کیلئے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا کہ کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے۔

 این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 3 فیصد ہے جبکہ کراچی سے 16 اعشاریہ 59 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

اس حوالے ایم ایم نیوز نے جب مفتی زبیر سے سوال کیا کہ کیا آپ سندھ حکومت کے اس فیصلے سے مطمئن ہیں تو مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ ہمیں سندھ حکومت کے اس فیصلے پر تحفظات ہیں، سندھ حکومت نے اس فیصلے سے قبل ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔

مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں، جبکہ ہمارے یہاں اس کے برعکس فیصلے کئے جارہے ہیں، سندھ حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔آخر میں مفتی زبیر کا کہنا تھا ہم اس حوالے سے سندھ حکومت بات کریں گے اور اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے قرض لینے کیلئے بجلی مہنگی کرنیکی منظوری دیدی