راولپنڈی:سکستھ روڈ عمیر سینٹرکے قریب ریفریشمنٹ کے کیبن پر درجنوں افراد کا حملہ، اسٹاف پر بدترین تشدد،کیبن اور سامان کو توڑ پھوڑ دیا۔
گزشتہ رات راولپنڈی کے معروف تجارتی مرکز سکستھ روڈ پر واقع موبائل مارکیٹ عمیر سنٹر کے باہر ریفریشمنٹ کے کیبن پر معمولی تلخ کلامی پر 6کے قریب نامعلوم افراد نے کیبن اسٹاف کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
سوپ اینڈ ریفریشمنٹ کیبن کے مالک نعیم خان، اس کے چھوٹے بھائی رشید خان اور ملازم طارق کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔ اسی اثناء میں نعیم خان کے بڑے بھائی ظاہر خان بچ بچاؤ کروانے آئے تو مذکورہ افراد نے ان کو بھی زدوکوب کرکے زخمی کردیا۔
اردگرد موجود افراد اور مارکیٹ کے دکانداروں نے بچ بچاؤ کروایا تو ملزمان نے فون کال پر مزید بندوں کو بلوالیااور کچھ دیر بعد 20کے قریب نامعلوم افراد کا جتھہ اسلحہ، ڈنڈوں سے لیس ہوکر پہنچ گیا۔
سامان کی توڑ پھوڑ کے دوران ہزاروں روپے مالیت کے سوپ اور ریفریشمنٹ کا دیگر سامان بھی گرادیا گیا اور کیبن کے دراز میں موجود 35ہزار کے قریب روپے بھی نکال لئے۔
کیبن مالک کے بھائی کی جانب سے ریسکیو 15پر کال کی گئی جس کے بعد 20منٹ تک تھانہ صادق آباد کی پولیس موبائل بھی پہنچ گئی۔ اس عرصے کے دوران ملزمان کی جانب سے توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری رہا اور دیگر عام افراد اور ساتھ موجود دیگر کیبن والوں کے اسٹاف پر بھی تشدد کرتے رہے۔
پولیس کے پہنچنے کے بعد ملزمان موقع سے رفو چکر ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ اور توڑ پھوڑ کا معائنہ کیا جس کے بعد کیبن مالک نعیم خان کی جانب سے تھانہ صادق آباد پولیس کو 20کے قریب نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دیدی گئی لیکن تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا۔
ملزمان کے تشدد سے کیبن مالک نعیم کے بڑے بھائی ظاہر خان اور ملازم طارق بری طرح زخمی ہوگئے،متاثرہ کیبن مالک نے سی پی او راولپنڈی، وفاقی وزیر داخلہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرکے انصاف اور تحفظ دلوانے کی اپیل کی ہے۔