کراچی: پاکستانی نجی ٹی وی پروگرام سرِ عام کے معروف میزبان اقرار الحسن نے ٹک ٹاک بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم کی خامیوں کو دُور کرنا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میزبان اقرار الحسن نے کہا کہ میرا نہ تو ٹک ٹاک پر کوئی اصلی اکاؤنٹ تھا اور نہ مستقبل قریب میں ایسا کوئی ارادہ تھا، لیکن اِس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی چیز پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔
اقرار الحسن نے ٹک ٹاک نامی چینی موبائل ایپ اور ویڈیو پلیٹ فارم پر پابندی کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر موجود خامیوں کو دُور کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ، نہ کہ مکمل طور پر اسے بند کر دیا جائے۔
میرا نہ تو ٹِک ٹاک پر کوئی(اصلی) اکاؤنٹ تھا اور نہ مستقبل قریب میں ایسا کوئی ارادہ تھا لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی چیز پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، کسی بھی پلیٹ فارم پر موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے نہ کہ مکمل طور پر اسے بند کر دیا جائے
— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) October 9, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان بھر میں چینی سوشل میڈیا ایپ ”ٹک ٹاک“پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی غیر قانونی و غیر اخلاقی مواد کو روکنے کیلئے مؤثر مکینزم تیار کرنے پر ناکامی پر لگائی گئی۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات ٹک ٹاک پر غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایت کر رہے ہیں جن پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں چینی سوشل میڈیا ایپ ”ٹک ٹاک“پر پابندی عائد