پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا ایپ بیگو کو بلاک کرتے ہوئے ٹک ٹاک کو حتمی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ یہ اقدام عوام کی طرف سے متعدد شکایات پر اٹھایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ادارے کو ٹک ٹاک اور بیگو پر غیر اخلاقی اور فحش مواد کے نوجوان نسل پر انتہائی منفی اثرات پر عوام کی طرف سے کئی شکایات موصول ہوئیں جس پر اتھارٹی نے ٹک ٹاک اور بیگو کو نوٹسز جاری کیے۔
ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹسز میں کہا گیا کہ میڈیا کمپنیاں اپنا مواد ملکی قانون کے تحت اور اخلاقی حدود کے مطابق دائرۂ اعتدال میں دِکھا سکتی ہیں تاہم کمپنیوں کا جواب تسلی بخش نہ ہونے کے باعث پی ٹی اے نے بیگو کو بلاک کردیا اور ٹک ٹاک کو حتمی نوٹس جاری کردیا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اور بیگو فحاشی اور غیر اخلاقی مواد پر قابو پانے کیلئے جامع حکمتِ عملی وضع کریں۔ ملکی قوانین کے تحت بیگو کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک کو بھی بلاک کیا جاسکتا ہے جبکہ ملکی آئین کے تحت مخربِ اخلاق مواد پاکستان میں نہیں دِکھایاجاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پب جی پر پابندی عائد نہیں کرنی چاہئے۔ فواد چوہدری