وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپارکو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال کے ذریعے براہ راست رابطہ کیا اور ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔ چیئرمین سپارکو نے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے مسلسل تعاون اور سرپرستی نے اس تاریخی کامیابی کی راہ ہموار کی۔
شہباز شریف کا پاکستانی خلا باز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے خلا باز کے اہلخانہ اور اس مشن کی تیاری میں حصہ لینے والے ماہرین کو بھی مبارکباد دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو ایسے باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے جن کے عزائم ستاروں سے بھی آگے پرواز کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے خلا باز کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین کی خدمات کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل کا پاک چین دوستی سے متعلق اہم بیان
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی پاکستانی خلا باز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو ان کی اس کامیابی پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سپوت نے خلا میں پہنچ کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ ان کے مطابق یہ دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے اور خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر مظہر ہے۔
خلا سے پاکستانی خلا باز کا پیغام
محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلا میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور چینی خلائی اسٹیشن پر تحقیقی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی اور لگن سے حصہ لے رہے ہیں۔
پانچ سے دس روز خلائی مشن پر رہیں گے
واضح رہے کہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی 25 نومبر کو خلا میں روانہ ہوئے تھے اور اس وقت چینی خلا بازوں کے ہمراہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔ منصوبے کے مطابق وہ پانچ سے دس روز خلا میں گزاریں گے اور مختلف سائنسی و تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








