قد 2 فٹ مگر قیمت ایک کروڑ! بھارتی مویشی میلے میں پنکی نے لوگوں کو دیوانہ بنا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی ریاست راجستھان کے روایتی پشکر میلے میں محض دو فٹ قد کی ایک انوکھی بھینس نے شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ سمیٹ لی جبکہ مالک نے اس کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق راجستھان میں جاری مویشیوں کی سالانہ نمائش پشکر میلے میں دیوقامت، بھاری بھرکم اور نادر نسل کے جانوروں کی بڑی تعداد لائی گئی ہے تاہم پنکی نامی یہ پستہ قد بھینس میلے کی سب سے منفرد کشش بن کر سامنے آئی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غیر معمولی طور پر چھوٹے قد کے باعث پنکی کو دیکھنے کے لیے میلے میں آنے والوں کا غیر معمولی رش لگا رہا اور شائقین اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنواتے نظر آئے۔

بھینس کے مالک کا موقف ہے کہ پنکی اپنی نوعیت کی ایک انتہائی نایاب بھینس ہے جس کا محض دو فٹ قد، منفرد بناوٹ اور پُرسکون مزاج اسے دیگر مویشیوں سے یکسر الگ بناتا ہے۔ انہی امتیازی خصوصیات کے باعث اس کی مالیت ایک کروڑ بھارتی روپے رکھی گئی ہے۔

دوسری جانب انٹرنیٹ پر اس ننھی بھینس کی ویڈیوز تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جن پر صارفین حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

Related Posts