وزیراعظم شہباز شریف کے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد شروع ہوگیا جس کے تحت ابتدائی طور پر صوبائی حکومت کو 10 ارب روپے فراہم کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پیکج میں صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
مخصوص اضلاع میں 430 ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے جن میں 7 خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ اور 423 دیگر منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔ ان علاقوں میں 100 اور 180 روزہ ترقیاتی پروگرام بھی شروع ہوں گے۔
امن و امان کے شعبے میں 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
صحت کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ اور تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم ہوں گے، 70 اسکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
سڑکوں کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ مزید برآں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیمیں سولرائز کی جائیں گی اور 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔
دستاویزات کے مطابق صوبے کے دیگر 25 اضلاع میں بھی 219 ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








